وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی کو بگٹی قبیلے کا نیا سربراہ منتخب کر لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بگٹی قبیلے کے معتبرین اور عمائدین کی باہمی رضامندی سے سردار سرفراز بگٹی کو قبیلے کی قیادت سونپی گئی۔
ذرائع کے مطابق اس اہم فیصلے کے بعد دستار بندی کی ایک باوقار تقریب ان کے آبائی گھر بیکڑ میں منعقد کی گئی، جس میں بگٹی قبیلے کے نمایاں افراد، معززین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں قبائلی روایات کے مطابق دستار بندی کی گئی، جس کے بعد سردار سرفراز بگٹی کو باضابطہ طور پر بگٹی قبیلے کے نئے سربراہ کے طور پر تسلیم کر لیا گیا۔ تقریب کے دوران قبیلے کے عمائدین اور معتبر شخصیات نے اس انتخاب کو قبیلے کے اتحاد اور مستقبل کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔ شرکاء کی بڑی تعداد نے سردار سرفراز بگٹی کے انتخاب پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں قبیلہ ترقی اور بہتری کی جانب گامزن ہوگا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے کہا کہ وہ اس دستار کو ایک بڑی ذمہ داری سمجھتے ہیں اور خدمت کے ذریعے اس دستار کا قرض اتارنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج بگٹی اقوام تعلیمی اقدام میں بہت پیچھے رہ گئی ہیں، جس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی پاکستان کے بڑے کالجوں اور تعلیمی اداروں میں بہت سے بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، تاہم بگٹی اقوام کے بچوں کو بھی ان ہی بڑے اداروں میں تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
سردار سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بگٹی قبیلے کے بچوں کو قومی سطح کے تعلیمی اداروں تک رسائی دلانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے تاکہ وہ علم اور تعلیم کے میدان میں آگے بڑھ سکیں۔ ان کے مطابق تعلیم ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے بگٹی اقوام ترقی اور خوشحالی کی جانب قدم بڑھا سکتی ہیں۔