پاسپورٹ بنوانے کیلئے نیا اور جدید نظام شروع

پاسپورٹ بنوانے کیلئے نیا اور جدید نظام شروع

پاکستان میں پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند شہریوں کے لیے ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے،حکومت نے آن لائن پاسپورٹ درخواست کے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنانے کے لیے فنگر پرنٹس کی تصدیق کا جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب شہری گھر بیٹھے ہی اپنی بایومیٹرک تصدیق مکمل کر سکیں گے۔

حکام کے مطابق ماضی میں آن لائن پاسپورٹ درخواست دینے والے شہریوں کو فنگر پرنٹس کی ویریفکیشن کے مرحلے پر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ بایومیٹرک تصدیق کے لیے پاسپورٹ دفاتر یا نادرا مراکز کے متعدد چکر لگانا پڑتے تھے جس سے نہ صرف وقت ضائع ہوتا تھا بلکہ شہریوں کو اضافی اخراجات بھی برداشت کرنا پڑتے تھے۔ ان مسائل کے پیش نظر نادرا کے تعاون سے پاک آئی ڈی ایپ میں فنگر پرنٹس کی تصدیق کا نیا اور مؤثر نظام شامل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

نئے نظام کے تحت آن لائن پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے والے شہری اب پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے اپنے فنگر پرنٹس براہ راست نادرا کے ریکارڈ سے ویریفائی کروا سکیں گے۔ اس عمل میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے، جس سے نہ صرف تصدیق کا عمل تیز ہو گا بلکہ اس کی شفافیت اور سیکیورٹی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ نظام ڈیٹا کے تحفظ کے عالمی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کی ذاتی معلومات مکمل طور پر محفوظ رہیں۔

حکام کے مطابق اس سہولت کے آغاز سے آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کی پراسیسنگ میں نمایاں تیزی آئے گی۔ شہریوں کو اب پاسپورٹ دفاتر میں لمبی قطاروں میں کھڑا ہونے یا بار بار حاضری دینے کی ضرورت نہیں رہے گی، جس سے خاص طور پر بزرگ افراد، خواتین اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو بڑا فائدہ پہنچے گا۔

یہ بھی پڑھیں :پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد کو گھر بیٹھے بڑی سہولت مل گئی

مزید یہ کہ اس نئے ڈیجیٹل اقدام سے نہ صرف شہریوں کے وقت کی بچت ہو گی بلکہ سفری اخراجات میں بھی واضح کمی آئے گی۔ حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ سہولت ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے تحت آن لائن سرکاری خدمات کو مزید بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو مستقبل میں دیگر سرکاری شعبوں کے لیے بھی مثال بن سکتی ہےشہریوں کی جانب سے اس اقدام کو مجموعی طور پر خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق یہ نظام پاکستان میں ای گورننس کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *