پاکستانی بیٹر سمیرمنہاس نےایشیا کپ کے بعد اب ایک اور کارنامہ انجام دے دیا ہے، ہرارے میں جاری انڈر 19 سہ فریقی کرکٹ سیریز کے تیسرے میچ میں سمیر منہاس نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی ۔
ہرارے میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے انڈر 19 کو جیت کے لیے 355 رنز کا بڑا ہدف دے دیا، سمیر منہاس نے نہایت بہترین اور جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 106 گیندوں پر 142 رنز اسکور کیے۔
اس میچ میں پاکستان کی نوجوان بیٹنگ لائن نے بھرپور اعتماد، تکنیک اور جارحیت کا امتزاج پیش کیا جس کے نتیجے میں زمبابوے کے فیلڈنگ کا فیصلہ مہنگا ثابت ہواپاکستانی بلے بازوں نے ابتدا ہی سے واضح کر دیا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے، اوپنرز اور ٹاپ آرڈر بلے بازوں نے ذمہ دارانہ انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور اسکور بورڈ کو مسلسل حرکت میں رکھا ،پاکستانی اننگز کی نمایاں بات سمیر منہاس اور محمد عثمان کی شاندار سنچریاں رہیں۔
سمیر منہاس کی اننگز میں 17 دلکش چوکے اور 4 طویل چھکے شامل تھے جو ان کی بہترین شاٹ سلیکشن اور اعتماد کا ثبوت تھے۔ دوسری جانب محمد عثمان نے بھی کمال کا ساتھ نبھایا اور 112 گیندوں پر 121 رنز بنائے،ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے جبکہ انہوں نے اسٹرائیک کو بہتر انداز میں گھماتے ہوئے رن ریٹ کو برقرار رکھا۔ان دونوں بلے بازوں کی شراکت نے زمبابوے کے بولنگ اٹیک کو شدید دباؤ میں رکھا۔
پاکستان انڈر19 کے بیٹر سمیر منہاس نے ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرکے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا ،سمیر منہاس پاکستان ٹیم کے لیے امید کی کرن ہیں مستقبل میں وہ قومی ٹیم میں شامل ہوکر پاکستان کو بڑے میچز میں کامیابی دلوانے کا ارادہ رکھتے ہیں ،نوجوان بلے باز نے اپنی بہترین بیٹنگ سے خود کو بہترین اوپنر ثابت کیا۔