قومی جیولن تھرور ارشد ندیم نے ایک بار پھر پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرتے ہوئے دبئی میں منعقدہ گلوبل اسپورٹس ایوارڈز میں بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ ارشد ندیم کو ’گلوبل بریک تھرو ایتھلیٹ آف دی ایئر‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا، جو نہ صرف ان کے شاندار کیریئر بلکہ پاکستان کے لیے بھی فخر کا لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔
گلوبل اسپورٹس ایوارڈ کی پروقار تقریب دبئی میں منعقد ہوئی، جس میں دنیا بھر سے نامور ایتھلیٹس، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور بین الاقوامی مہمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر دبئی کے حاکم کے صاحبزادے شیخ منصور بن محمد بن راشد نے ارشد ندیم کو ایوارڈ پیش کیا اور ان کی غیر معمولی کارکردگی کو سراہا۔
ارشد ندیم کو یہ اعزاز ان کی مسلسل محنت، عالمی مقابلوں میں شاندار کامیابیوں اور جیولن تھرو کے میدان میں نمایاں کارکردگی کے اعتراف کے طور پر دیا گیا۔ انہوں نے محدود وسائل کے باوجود عالمی سطح پر خود کو منوایا اور پاکستان کو ایتھلیٹکس کے شعبے میں ایک نئی پہچان دی۔
تقریب میں موجود شرکاء نے ارشد ندیم کی جدوجہد اور کامیابی کو نوجوان ایتھلیٹس کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔ کھیلوں کے ماہرین کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کا یہ اعزاز پاکستان میں ایتھلیٹکس کے فروغ اور نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ارشد ندیم کو ملنے والا یہ ایوارڈ نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی ایتھلیٹس عالمی سطح پر کسی سے کم نہیں۔