وینزویلا میں شدید زلزلہ،گوگل الرٹ سسٹم نے پہلے ہی صارفین کو خبردار کر دیا

وینزویلا میں شدید زلزلہ،گوگل الرٹ سسٹم نے پہلے ہی صارفین کو خبردار کر دیا

وینزویلا میں بدھ کے روز ایک طاقتور زلزلہ آیا جس کی شدت مقامی وقت کے مطابق ایک منٹ کے اندر 7.1 اور 7.5 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کے نتیجے میں رہائشی اور تجارتی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں جبکہ بڑے پیمانے پر تباہی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس قدرتی آفت میں اب تک 164 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں، امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

اسی دوران سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں گوگل کے زلزلہ الرٹ سسٹم کی جانب سے زلزلے سے قبل ہی وارننگ موصول ہو گئی تھی، جس نے ممکنہ طور پر لوگوں کو بروقت محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونے میں مدد دی،کچھ صارفین کے مطابق انہیں زلزلے سے چند لمحے پہلے ایک ابتدائی الرٹ موصول ہوا جس میں ممکنہ شدت اور زیرِ زمین گہرائی کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں :وینزویلا میں 7.5 کا خوفناک زلزلہ ، عمارتیں منہدم ، بڑے پیمانے پر ہلاکتوں خدشہ 

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق اس جدید الرٹ نظام میں اسمارٹ فونز میں موجود سینسرز خاص طور پر ایکسلرومیٹر اہم کردار ادا کرتے ہیں، جو زمین میں ہونے والی ابتدائی لرزشوں کو محسوس کر لیتے ہیں یہ معلومات فوری طور پر سسٹم کو منتقل ہوتی ہیں، جس کے بعد متاثرہ علاقوں کے صارفین کو الرٹ جاری کر دیا جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں موجود یہ نظام ابتدائی جھٹکوں کی نشاندہی کر کے سیکنڈوں کے اندر صارفین تک وارننگ پہنچا سکتا ہے، جو قدرتی آفات کے دوران قیمتی جانیں بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

اس واقعے نے ایک بار پھر جدید ٹیکنالوجی کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے کہ کس طرح موبائل فون اور ڈیجیٹل الرٹ سسٹم قدرتی آفات میں قبل از وقت آگاہی فراہم کر کے نقصان کو کم کرنے میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔

editor

Related Articles