بھارتی پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ دنیا بھر میں اپنی گائیکی اور اداکاری کے باعث بے حد مقبول ہیں۔ پاکستان میں بھی ان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے، جو ان کے ہر نئے پروجیکٹ کو بھرپور پذیرائی دیتی ہے۔
حال ہی میں دلجیت دوسانجھ نے سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ لائیو سیشن کے دوران مختلف سوالات کے جواب دیے۔ اس دوران ایک پاکستانی مداح نے انہیں لاہور آنے کی دعوت دی، جس پر گلوکار نے نہایت کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا۔
دلجیت دوسانجھ نے کہا کہ وہ لاہور آنا ضرور پسند کریں گے، تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود سیاسی کشیدگی اس راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ لاہور آتے ہیں تو ممکن ہے بعد میں ان کے لیے دیگر مقامات پر سفر کرنا یا کام کرنا آسان نہ رہے، اسی لیے وہ اس معاملے میں احتیاط برتتے ہیں۔
دلجیت کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی، جہاں کئی صارفین نے ان کی صاف گوئی کو سراہا۔ ایک صارف نے لکھا، ’’دلجیت ہمیشہ دل کی بات کرتے ہیں۔‘‘ ایک اور مداح نے کہا، ’’ہم آج بھی آپ سے محبت کرتے ہیں۔’’ جبکہ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا، ‘‘دلجیت کے لیے احترام مزید بڑھ گیا ہے۔‘‘
یاد رہے کہ دلجیت دوسانجھ ماضی میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ ایک فلم میں کام کرنے کے باعث بھی خبروں میں رہے تھے۔ اس تعاون پر انہیں بھارت میں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے تمام تنقید کے باوجود فلم کی ریلیز جاری رکھی۔