پاکستان کے معروف گلوکار عاصم اظہر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 600 سے زائد پرانی تصاویر اور ویڈیوز دوبارہ بحال کر دی ہیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے ماضی کی یادیں ایک بار پھر تازہ ہو گئی ہیں۔
بحال کی گئی پوسٹس میں اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ شیئر کی گئی متعدد تصاویر بھی شامل ہیں، جنہوں نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی خاص توجہ حاصل کر لی۔ تصاویر سامنے آتے ہی دونوں فنکاروں کے ماضی کے تعلقات سے متعلق ایک بار پھر مختلف تبصرے اور قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔
پوسٹس بحال کرنے کے بعد عاصم اظہر نے انسٹاگرام پر ایک دلچسپ پیغام بھی شیئر کیا۔ انہوں نے لکھا، ’’سب کو خوش آمدید، اب میری کچھ پرانی اور شرمندگی سے بھرپور یادوں سے لطف اٹھائیں۔‘‘
تاہم جب مختلف شوبز اور انٹرٹینمنٹ پیجز نے صرف ہانیہ عامر کے ساتھ موجود تصاویر کو نمایاں کرنا شروع کیا تو عاصم اظہر نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اس پر بھی ردعمل دیا۔
گلوکار نے لکھا کہ کاش میڈیا صرف چند مخصوص تصاویر کے بجائے ان تمام 600 سے زائد پوسٹس کا بھی ذکر کرتا جو انہوں نے دوبارہ بحال کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے مداح کافی عرصے سے ان کے کیریئر، موسیقی کے سفر اور مختلف یادگار لمحات سے جڑی پرانی پوسٹس واپس دیکھنے کی خواہش کا اظہار کر رہے تھے، اسی لیے انہوں نے تمام تصاویر اور ویڈیوز دوبارہ شیئر کرنے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ ماضی میں عاصم اظہر اور ہانیہ عامر کے تعلقات سے متعلق مختلف افواہیں اور قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں، تاہم دونوں فنکاروں نے کبھی بھی اپنے تعلق کی نوعیت پر کھل کر بات نہیں کی۔