وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سردیوں کے موسم میں گھریلو صارفین کو اضافی گیس فراہم کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال سردیوں میں عوام کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت اجلاس میں سردیوں کے دوران گیس فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ دسمبر 2025 کے دوران سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 95 ایم ایم سی ایف ڈی زائد گیس فراہم کی، جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی جانب سے دسمبر میں 32 ایم ایم سی ایف ڈی اضافی گیس سپلائی کی گئی۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ گیس نیٹ ورک کے آخری علاقوں میں پریشر کی مؤثر نگرانی کے لیے جدید آئی او ٹی اور ٹاؤن بارڈر سسٹم نصب کیے گئے ہیں۔ انہوں نے ایس ایس جی سی کو ہدایت کی کہ ٹیل اینڈ علاقوں میں پریشر اور الارم سسٹمز کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ صارفین کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔
اجلاس میں اوگرا آڈٹ رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے مطابق ایس این جی پی ایل کی 98.5 فیصد جبکہ ایس ایس جی سی کی 97 فیصد صارفین کی شکایات مقررہ معیاد کے مطابق حل کی گئیں۔ رپورٹ پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم نے ہدایت کی کہ ہر شکایت کے حل کے بعد صارفین سے فیڈبیک حاصل کرنے کے لیے باقاعدہ نظام بنایا جائے۔