پاکستانی حکومت نے جرمنی میں مقیم اپنے شہریوں کے لیے دوہری شہریت کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد اب جرمنی میں رہائش پذیر اوورسیز پاکستانی جرمن شہریت حاصل کرنے کی صورت میں پاکستانی شہریت ترک کرنے کے پابند نہیں رہیں گے۔
اس فیصلے کو بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک بڑا اور دیرینہ مطالبے کی تکمیل قرار دیا جا رہا ہے، جس سے جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق یہ پیشرفت پاکستان سٹیزن شپ ایکٹ 1951 کے تحت دوہری شہریت سے متعلق قومی پالیسی میں توسیع کے نتیجے میں سامنے آئی ہے۔ اس توسیع کے تحت حکومتِ پاکستان نے جرمنی کو ان ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا ہے جن کے ساتھ پاکستانی شہریوں کو دوہری شہریت کی اجازت حاصل ہے۔
بیورو آف امیگریشن کے ایک سینئر عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حکومت نے جرمنی میں مقیم پاکستانیوں کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اجازت دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد جرمن شہریت حاصل کرنے والے پاکستانی اپنی پاکستانی شہریت، شناخت اور قانونی تعلق برقرار رکھ سکیں گے۔