اسرائیل کے ایران اور لبنان پر فضائی حملے، فوجی اہداف کو نشانہ بنایا

اسرائیل کے ایران اور لبنان پر فضائی حملے، فوجی اہداف کو نشانہ بنایا

ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا , اسرائیل نے مغربی اور وسطی ایران میں متعدد فوجی اہداف پر حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق دارالحکومت تہران، اصفہان اور تبریز میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جبکہ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس نے ایران کے مغربی اور وسطی علاقوں میں فوجی تنصیبات اور اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ایران کی جانب سے اسرائیل پر کیے گئے حالیہ میزائل حملوں کے جواب میں کی گئی۔

 یہ بھی پڑھیں :ایران پر حملہ کیا تو امریکا ساتھ نہیں دے گا، ٹرمپ کا نیتن یاہو کو پیغام

دوسری جانب بیروت میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد خطے میں سکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔ تاہم فوری طور پر ان دھماکوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ شب ایران نے اسرائیل پر میزائل داغے تھے۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ حملہ بیروت پر اسرائیلی کارروائی کے جواب میں کیا گیا تھا۔ ایران نے خبردار کیا تھا کہ اگر اسرائیل نے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں تو اس کا ردعمل مزید سخت ہو سکتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں : لبنان پر حملوں کا جواب ،ایران نے اسرائیل پر میزائل داغ دئیے

ایرانی حملوں کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ حملوں سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا اور وہ امید کرتے ہیں کہ اسرائیل مزید جوابی کارروائی سے گریز کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے رابطہ کر کے صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کی کوشش کریں گے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو کو واضح پیغام دیا تھا کہ اگر اسرائیل ایران کے خلاف مزید حملے کرتا ہے تو امریکا اس کارروائی میں شامل نہیں ہوگا۔ اس کے باوجود اسرائیل کی جانب سے ایران میں حملوں کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد خطے میں ایک وسیع تصادم کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

editor

Related Articles