آئی جی فرنٹیئر کور بلوچستان (ساؤتھ) کی زیر صدارت ضلع کیچ میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس تربت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، کسٹمز، ایف آئی اے، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، اینٹی نارکوٹکس فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کا بنیادی مقصد ضلع کیچ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینا، علاقائی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانا اور مختلف چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی ترتیب دینا تھا۔ اجلاس میں انسانی اسمگلنگ کی روک تھام، منشیات کے خلاف جاری اقدامات اور نان کسٹم پیڈ اشیاء کی نقل و حرکت کو کنٹرول کرنے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ سیکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دی جائے تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو اور ضلع کیچ میں دیرپا امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید برآں آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے ضلعی انتظامیہ اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود، امن و امان کے قیام اور علاقے میں قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے اپنا مؤثر اور کلیدی کردار ادا کریں۔
اجلاس کے دوران شرکاء نے سیکیورٹی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام ادارے باہمی تعاون کے تحت ضلع کیچ میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔