کل انٹرنیٹ بند ہوگا یا نہیں؟ پی ٹی اے نے وضاحت جاری کردی

کل انٹرنیٹ بند ہوگا یا نہیں؟ پی ٹی اے  نے وضاحت جاری کردی

ملک بھر میں 15 جنوری کو انٹرنیٹ سروس کی معطلی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وضاحت جاری کر دی ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق انٹرنیٹ بند ہونے سے متعلق تمام اطلاعات غلط اور بے بنیاد ہیں، اور ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز معمول کے مطابق فعال رہیں گی۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 15 جنوری کو انٹرنیٹ سروسز میں کسی بھی قسم کی بندش کا کوئی امکان نہیں ہے، اور صارفین کو اس حوالے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ اتھارٹی نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع پر پھیلنے والی خبریں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ اس وقت روٹین سب میرین کیبل کی کچھ بحالی کا عمل جاری ہے، تاہم اس تکنیکی کارروائی سے انٹرنیٹ سروسز متاثر نہیں ہوں گی۔ پی ٹی اے کے مطابق یہ بحالی معمول کے مطابق عمل ہے اور نیٹ ورک متبادل راستوں کے ذریعے کام کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ووڈا فون بلیک آؤٹ: ملک بھر میں ہزاروں صارفین براڈ بینڈ، انٹر نیٹ بینکنگ اور فون سگنلز سے محروم

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ وہ انٹرنیٹ سروسز کے تسلسل اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے نیٹ ورک کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ صارفین کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پی ٹی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور انٹرنیٹ سروس سے متعلق معلومات کے لیے مستند ذرائع پر انحصار کریں۔

Related Articles