ورلڈ لبرٹی فنانشل امریکا کے وفد جس کی قیادت معروف عالمی فِن ٹیک کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر زکری وِٹکوف کر رہے تھے نے فیلڈ مارشل وچیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں پاکستان کی ابھرتی ہوئی معاشی صورتِ حال میں بین الاقوامی نجی سرمایہ کاری گروپس کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا اظہار کیا گیایہ ملاقات پاکستان کے فِن ٹیک شعبے میں عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاس ہے، جس کا مقصد مالی شمولیت کو فروغ دینا اور سرحد پار ڈیجیٹل مالیاتی نظام کو مضبوط بنانا ہے۔
مسٹر زکری وِٹکوف نے پاکستان میں موجود وسیع معاشی امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے ملکی قیادت کی جانب سے جدید اور مستقبل کی ٹیکنالوجیز کو اپنانے کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت درست سمت میں اقدامات کر رہی ہے جس سے ملکی معیشت اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکتی ہے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفد کے ساتھ تباد لہ خیال کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان معاشی استحکام، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور قومی ترقی میں نجی شعبے کی ذمہ دارانہ شمولیت کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے۔