نیا موسمی سسٹم داخل، سخت سردی، بارش اور برفباری کی پیشگوئی آگئی

نیا موسمی سسٹم داخل، سخت سردی، بارش اور برفباری کی پیشگوئی آگئی

 پنجاب میں موسم کا نیا سسٹم داخل ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں صوبے کے مختلف حصوں میں شدید سردی، بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے مغربی ہواؤں کا سسٹم صوبے میں داخل ہو رہا ہے، جس کے اثرات لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی محسوس کیے جائیں گے، اس دوران دھند چھائے رہنے اور درجہ حرارت میں کمی کی توقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں 20 سے 23 جنوری کے دوران شدید برفباری اور بارش کے امکانات ہیں، جبکہ پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ ممکنہ خراب موسم کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے،  ان میں لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس، فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ، سی اینڈ ڈبلیو، ٹورازم اور محکمہ ٹرانسپورٹ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سردی کی شدت میں مزید اضافہ؟ محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

 انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملہ 24 گھنٹے حاضر رہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،  شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر مری جانے والے سیاح حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔

پی ڈی ایم اے نے مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے مختلف فیسیلیٹیشن سنٹرز قائم کر دیے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے،  شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بارش برسانے والا نیا سسٹم کل پاکستان میں داخل ہونے کو تیار، بارش کا کتنا امکان؟

 ادارے نے زور دیا ہے کہ عوام جاری کردہ ہدایات اور احتیاطی اقدامات پر سختی سے عمل کریں تاکہ موسم کے ممکنہ خطرات سے محفوظ رہا جا سکے۔

editor

Related Articles