پاکستان نے ایران اور امریکا کو آگاہ کر دیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے غیر ملکی دورے سے وطن واپسی کے بعد ہی ثالثی مذاکراتی عمل کے دوسرے مرحلے کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں فریقین ایران اور امریکا نے پاکستان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ دوسرے مرحلے کے مذاکرات میں وہی ٹیمیں شریک ہوں گی جنہوں نے پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں حصہ لیا تھا۔
پاکستان اس پورے عمل میں سہولت کار اور ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی اور مذاکراتی راستہ کھلا رکھا جا سکے۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اس وقت خطے کے اہم غیر ملکی دورے پر ہیں۔ انہوں نے اپنے دورے کا آغاز سعودی عرب سے کیا ہے جس کے بعد ان کے قطر اور ترکیہ جانے کی بھی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی واپسی کے بعد ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے آئندہ ہفتے اسلام آباد میں بات چیت شروع ہونے کا امکان ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تاریخ کا باضابطہ اعلان وزیراعظم کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان اس سے قبل بھی ایران اور امریکا کے درمیان غیر رسمی رابطوں اور مذاکراتی کوششوں میں سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہا ہے جسے خطے میں سفارتی استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔