امتحانات ملتوی، نیا شیڈول بھی جاری ، طلبہ کیلئے بڑی خبر

امتحانات ملتوی، نیا شیڈول بھی جاری ، طلبہ کیلئے بڑی خبر

ملک بھر میں خون جما دینے والی سردی کی لہر کے سبب ایک صوبے نے امتحانات کو ملتوی کرتے ہوئے نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

بلوچستان میں جاری شدید سرد موسم اور برفباری کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے لگی ہیں ، صوبائی محکمہ تعلیم نے طلبہ کی صحت اور حفاظت کو مدِنظر رکھتے ہوئے آٹھویں جماعت کے سالانہ امتحانات مؤخر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے نیا امتحانی شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں شدید سردی، بارش اور برفباری کے سبب سفر اور امتحانی مراکز تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کے پیش نظر امتحانات کے انعقاد میں تاخیر ناگزیر ہے،  اس فیصلے کا باضابطہ اعلان ڈائریکٹر ایجوکیشن بلوچستان کی جانب سے کیا گیا۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امتحانات ملتوی کرنے کا مقصد طلبہ کو ممکنہ موسمی خطرات سے محفوظ رکھنا اور انہیں بہتر اور محفوظ ماحول میں امتحانات دینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

اس ضمن میں والدین اور ضلعی تعلیمی افسران کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کو بھی مدِنظر رکھا گیاہے۔

قبل ازیں آٹھویں جماعت کے امتحانات 26 جنوری سے شروع ہونا تھے، تاہم نظرثانی شدہ شیڈول کے تحت اب یہ امتحانات 6 فروری سے آغاز کریں گے۔

محکمہ تعلیم نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ نئی تاریخوں کے حوالے سے طلبہ، اساتذہ اور والدین کو بروقت آگاہ کریں تاکہ کسی قسم کی الجھن پیدا نہ ہو۔

محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ موسمی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو مزید اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں، تاکہ تعلیمی سرگرمیاں محفوظ اور منظم انداز میں جاری رکھی جا سکیں۔

editor

Related Articles