آزاد فیکٹ چیک نے ایک بھارتی نژاد سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی جانب سے پھیلائی گئی مبینہ جعلی معلوماتی مہم کو بے نقاب کر دیا ہے جس میں ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے نام سے منسوب جعلی بیانات شیئر کیے جا رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق یہ اکاؤنٹ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے نام اور پروفائل کی نقل کرتے ہوئے سرگرم تھا اور اس کے ذریعے ایک ایسا بیان پھیلایا گیا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ تہران دھمکیوں کے سائے میں مذاکرات نہیں کرے گا اور اگر امریکا کے ساتھ مذاکرات ناکام ہوئے تو نئے محاذ کے کارڈز استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
آزاد فیکٹ چیک نے اپنی تحقیق میں واضح کیا ہے کہ یہ بیان جعلی اکاؤنٹ سے جاری کیا گیا جس کا مقصد غلط معلومات پھیلانا اور عوامی رائے کو متاثر کرنا تھا۔ فیکٹ چیک کے مطابق اس طرح کے جعلی اکاؤنٹس بین الاقوامی سطح پر حساس سفارتی معاملات میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ریاستی شخصیات کے نام سے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے پھیلائی جانے والی معلومات نہ صرف غلط فہمی کا باعث بنتی ہیں بلکہ سفارتی تعلقات اور عالمی بیانیے پر بھی اثر ڈال سکتی ہیں اس لیے صارفین کو ایسی خبروں کی تصدیق کے بغیر شیئر کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔