انڈر 19 ورلڈ کپ سیمی فائنل کی دوڑ،پاکستانی ٹیم کا آج بڑا امتحان

انڈر 19 ورلڈ کپ سیمی فائنل کی دوڑ،پاکستانی ٹیم کا آج بڑا امتحان

پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم آج آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے میں سیمی فائنل تک رسائی کے لیے ایک کڑے امتحان سے گزرے گی۔ قومی ٹیم کو اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے سپر سکس کے بقیہ دونوں میچز جیتنا ہوں گے، جن میں پہلا مقابلہ آج نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا اور فیصلہ کن میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف یکم فروری کو ہوگا۔

صرف فتوحات ہی نہیں بلکہ پاکستان کو اپنے نیٹ رن ریٹ کو بھی نمایاں طور پر بہتر بنانا ہوگا، کیونکہ بھارت اور نیوزی لینڈ دونوں کا رن ریٹ اس وقت پاکستانی ٹیم سے بہتر ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرتا ہے تو اسے بڑا اور مضبوط ہدف دینا ہوگا، جبکہ اگر پہلے بولنگ کی ذمہ داری ملتی ہے تو حریف ٹیم کو کم سے کم اسکور پر محدود کرنا ناگزیر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:“یکم فروری کو پاک بھارت انڈر19 میچ کا بائیکاٹ کریں“، بڑی تجویز آگئی

پاکستان ٹیم سپر سکس مرحلے میں اب تک دو میچ کھیل چکی ہے اور اس کے پاس صرف دو پوائنٹس ہیں۔ اس کے برعکس بھارت اور نیوزی لینڈ دونوں دو، دو میچ کھیل کر چار، چار پوائنٹس حاصل کر چکے ہیں اور ان کی پوزیشن پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان سے بہتر ہے۔

کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے اب کوئی گنجائش باقی نہیں رہی اور اگلے دونوں میچز میں غیر معمولی کارکردگی دکھانا ہوگی۔ اگر قومی ٹیم مطلوبہ نتائج اور بہتر رن ریٹ حاصل کرنے میں ناکام رہی تو سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں دم توڑ سکتی ہیں۔

شائقین کرکٹ کی نظریں آج کے میچ پر جمی ہوئی ہیں، کیونکہ نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی نہ صرف پاکستان کے اعتماد میں اضافہ کرے گی بلکہ سیمی فائنل کی دوڑ کو بھی مزید دلچسپ بنا دے گی۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles