وفاقی وزیر امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران اعلان کیا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) مردان کے سینئر رہنما محمد جمال ناصر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ محمد جمال ناصر نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے باقاعدہ طور پر پارٹی جوائن کی ہے جو مسلم لیگ (ن) کے لیے ایک خوش آئند اور اہم پیش رفت ہے۔
انجینئر امیر مقام نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں بالخصوص تعلیمی اداروں میں طلبہ کے رویّوں میں مثبت تبدیلی آ رہی ہے اور عوام میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف سیاسی نعرے لگانا سیاست نہیں بلکہ اصل سیاست عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے،عوام اب کھوکھلے نعروں کے بجائے کارکردگی کو ترجیح دے رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگ مسلم لیگ (ن) کی جانب رجوع کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیحات عوامی مسائل کے حل کے بجائے احتجاجی سیاست تک محدود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور یونیورسٹی سمیت صوبے کے مختلف تعلیمی ادارے تنخواہوں اور پنشن کے سنگین مسائل کا شکار ہیں جبکہ تعلیم اور دیگر سرکاری ادارے مالی بحران میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت خیبرپختونخوا کو پورا بلکہ اضافی حصہ بھی مل رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے صوبے کو خصوصی فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں تاہم ان فنڈز کے شفاف استعمال پر صوبائی حکومت کو جوابدہ ہونا ہو گا۔
انجینئر امیر مقام نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی قابل تقلید ہے اور خیبرپختونخوا حکومت کو بھی عملی اقدامات اور عوامی ریلیف پر توجہ دینی چاہیے۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے محمد جمال ناصر نے کہا کہ انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی میں تقریباً 15 سال کام کیا اور وہاں اچھا وقت گزارا، تاہم آج وہ اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 13 سال سے خیبرپختونخوا میں بدامنی کی صورتحال رہی ہے، جس کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب لوگ پنجاب اور خیبرپختونخوا کا موازنہ کرتے ہیں تو واضح فرق نظر آتا ہےجبکہ ان کے علاقے میں بے شمار مسائل حل طلب ہیں اور خیبرپختونخوا کے نوجوان بے چینی اور مایوسی کا شکار ہو رہے ہیں۔
محمد جمال ناصر نے امید ظاہر کی کہ مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے وہ اپنے علاقے کے عوام کے مسائل مؤثر انداز میں اجاگر کر سکیں گے اور نوجوانوں کے لیے بہتر مستقبل کی راہ ہموار ہو گی۔