اسحاق ڈار اور مارکو روبیو کی اہم ملاقات، پاک امریکا تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسحاق ڈار اور مارکو روبیو کی اہم ملاقات، پاک امریکا تعاون بڑھانے پر اتفاق

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے واشنگٹن میں اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں حالیہ مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور خطے سمیت عالمی سطح پر درپیش چیلنجز اور مواقع پر گفتگو کی۔

ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اقتصادی روابط کے فروغ اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

 یہ بھی پڑھیں :اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ کی نیویارک میں ملاقات، خطے میں امن ،باہمی تعاون کے فروغ پراتفاق 

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطحی روابط برقرار رکھنے اور باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے پاکستان اور امریکا کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں ممالک نے مستقبل میں بھی مختلف شعبوں میں رابطوں اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ماہرین کے مطابق یہ ملاقات پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کی عکاس ہے اور دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

editor

Related Articles