پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں 6 فیصد کمی کا اعلان کر دیا گیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد ملک بھر کے گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے س سے تاجروں، صنعتکاروں اور عام صارفین کو ریلیف ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے رہنما ملک شہزاد اعوان نے اعلان کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 6 فیصد کمی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ شعبہ حکومت کے عوامی ریلیف کے اقدامات میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے تاکہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا براہ راست فائدہ کاروباری طبقے اور عوام تک پہنچ سکے۔
ملک شہزاد اعوان نے وزیراعظم شہباز شریف کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی ایک مثبت اقدام ہے جس سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات کم ہوں گے بلکہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل بھی نسبتاً سستی ہو سکیں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی تاکہ معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں خطے کی کشیدہ صورتحال اور جنگی حالات کے اثرات کے باعث درآمدات اور برآمدات میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جس سے گڈز ٹرانسپورٹ کا شعبہ بھی متاثر ہوا۔ ان کے مطابق تجارتی سرگرمیوں میں سست روی کے باعث ٹرانسپورٹرز کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کاروباری حجم میں بھی کمی آئی۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے نہ صرف ٹرانسپورٹرز بلکہ ہر پاکستانی کو فائدہ پہنچتا ہے کیونکہ ملک کی معیشت کا بڑا حصہ ٹرانسپورٹ کے نظام سے وابستہ ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کے شعبے کے لیے مزید سہولیات اور مراعات فراہم کی جائیں تاکہ کاروباری سرگرمیوں میں تیزی لائی جا سکے۔
دوسری جانب پاکستان منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھی کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شیر علی چوہدری نے وزیراعظم کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایندھن کی قیمتوں میں کمی عوام کے لیے خوش آئند تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ برادری بھی عوام کو ریلیف دینے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور کرایوں میں کمی کا اطلاق فوری طور پر کیا جائے گا۔