محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر شہروں میں موسم سرد اور جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ متعدد علاقوں میں بارش اور برفباری بھی متوقع ہے۔
اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، جب کہ خیبرپختونخوا میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ پہاڑی اضلاع میں درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
چترال، دیر، کالام، سوات اور وزیرستان میں ہلکی بارش یا برفباری متوقع ہے۔ مری اور گلیات میں بھی ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ وسطی پنجاب میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے اور ملتان، جھنگ، سرگودھا اور فیصل آباد میں بونداباندی ہو سکتی ہے۔
سندھ اور بلوچستان میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، پشین اور گوادر میں ہلکی بارش اور برفباری ممکن ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ سرد موسم کے پیش نظر مناسب احتیاط کریں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کے دوران سفر کرتے وقت حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔