حکومت کا ماہِ رمضان میں عوام کو بڑا ریلیف دینے کا اعلان، منصوبہ سامنے آگیا

حکومت کا ماہِ رمضان میں عوام کو بڑا ریلیف دینے کا اعلان، منصوبہ سامنے آگیا

حکومتِ پنجاب نے ماہِ رمضان المبارک کے دوران عوام کو مہنگائی کے دباؤ سے نجات دلانے کے لیے اہم اور جامع اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر معاونِ خصوصی برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمیٰ بٹ کی زیرِ صدارت رمضان پیکج سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں سہولت بازاروں اور رمضان بازاروں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، تاریخ کا سب سے بڑا رمضان ریلیف پیکج متوقع

اجلاس میں اس امر کا فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل پنجاب بھر میں موجود 76 سہولت بازاروں کو مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا تاکہ عوام کو اشیائے خورونوش ارزاں نرخوں پر با آسانی دستیاب ہو سکیں۔

حکام نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ان سہولت بازاروں میں آٹا، چینی، دالیں، چاول، گھی، کوکنگ آئل، سبزیاں، پھل، مرغی، انڈے اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیا سرکاری نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔

اجلاس کے دوران معاونِ خصوصی سلمیٰ بٹ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہنگامی ہدایات کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں 9 نئے سہولت بازار قائم کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ دور دراز اور گنجان آبادی والے علاقوں کے شہری بھی رمضان ریلیف پیکج سے مستفید ہو سکیں۔ ان نئے رمضان سہولت بازاروں کے قیام کے لیے ضلعی سطح پر خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

سلمیٰ بٹ کے مطابق ان بازاروں کے انتظامی امور، قیمتوں کے تعین، معیار کی نگرانی اور سپلائی چین کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور سہولت بازار اتھارٹی کو سونپی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی سطح پر غفلت یا منافع خوری برداشت نہیں کی جائے گی۔

معاونِ خصوصی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک کے دوران سہولت بازاروں، رمضان بازاروں اور سہولت آن ویلز میں اشیائے خورونوش کی قیمت، معیار اور دستیابی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری، محفوظ اور سستی خوراک کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے فوڈ سیفٹی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں گی۔

مزید پڑھیں:سونے کی قیمتوں میں اچانک کمی، زیورات کی فروخت میں بے پناہ اضافہ، دبئی گولڈ مارکیٹ میں رش

انہوں نے مزید بتایا کہ تمام رمضان بازاروں اور سہولت بازاروں میں حکومتِ پنجاب کی جانب سے منظور شدہ برانڈنگ کو سو فیصد یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کو سرکاری رمضان پیکج کی واضح شناخت حاصل ہو اور کسی بھی قسم کی بدعنوانی، جعلسازی یا غیر قانونی سرگرمی کا امکان ختم کیا جا سکے۔

اس کے ساتھ ساتھ تمام بازاروں میں نرخ نامے نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں گے جبکہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے خصوصی مانیٹرنگ اور شکایات کا نظام بھی فعال رکھا جائے گا۔ حکام کے مطابق رمضان المبارک کے دوران روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں اور معیار کی نگرانی کی جائے گی تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *