عمران خان اور بشری بی بی سے ڈاکٹروں کی ملاقات کا معاملہ،عدالت کا اہم حکم جاری

عمران خان اور بشری بی بی سے ڈاکٹروں کی ملاقات کا معاملہ،عدالت کا اہم حکم جاری

راولپنڈی کی مقامی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر درخواست پر مقررہ جواب جمع نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف نوٹس جاری کر دیا ہے۔

عدالتی کارروائی کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اپنی صحت سے متعلق خدشات کے پیش نظر ذاتی معالجین سے طبی معائنہ کرانے کی اجازت کے لیے درخواست دائر کی تھی، جس پر عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے جواب طلب کیا تھا۔ تاہم مقررہ تاریخ پر نہ تو سپرنٹنڈنٹ جیل عدالت میں پیش ہوئے اور نہ ہی تحریری جواب جمع کرایا گیا، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کا ایکس اکاونٹ کون چلا رہا ہے؟ این سی سی آئی اے نے رپورٹ عدالت میں جمع کرادی

عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ کل لازمی طور پر عدالت میں پیش ہوں اور درخواست کے حوالے سے تحریری جواب کے ساتھ  نوٹس کا بھی جواب جمع کرائیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد میں غفلت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ان کے ذاتی معالجین سے طبی معائنہ کرانے کی اجازت دی جائے تاکہ ان کی صحت سے متعلق درست اور شفاف رپورٹ سامنے آ سکے۔ وکلا کے مطابق اس حوالے سے باقاعدہ درخواست دائر کی گئی تھی جس میں ڈاکٹر یوسف، ڈاکٹر خرم اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی سے طبی معائنہ کرانے کی استدعا کی گئی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ اس سے قبل بھی جواب طلب کیا گیا تھا مگر جیل حکام کی جانب سے عدالتی حکم کی تعمیل نہیں کی گئی، جس کے باعث درخواست پر پیش رفت ممکن نہ ہو سکی۔ عدالت نے اس صورتحال کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ جیل کو وضاحت کا موقع فراہم کیا ہے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی ہے، جہاں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی پیشی اور جواب کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

editor

Related Articles