محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کے چاند سے متعلق پیش گوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق پاکستان میں یکم رمضان المبارک 19 فروری 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش 17 فروری 2026 کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر ہو گی، جبکہ 18 فروری کی شام ملک کے مختلف حصوں میں چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 18 فروری کو کراچی میں غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 26 گھنٹے ہو گی، جو رویت کے لیے موزوں سمجھی جاتی ہے۔ کراچی میں سورج شام 6 بج کر 25 منٹ پر غروب ہو گا، جبکہ چاند 7 بج کر 24 منٹ پر غروب ہو گا، جس کے باعث چاند دیکھنے کے امکانات بہتر ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں 18 فروری کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم موسمی صورتحال چاند نظر آنے میں بڑی رکاوٹ نہیں بنے گی۔
ماہرین کے مطابق چاند کی رویت کے لیے اس کی عمر کم از کم 19 گھنٹے سے زائد ہونا ضروری ہوتی ہے، جو اس تاریخ کو پوری ہو رہی ہے۔ اسی بنیاد پر ماہرین موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک بھر میں یکم رمضان المبارک 19 فروری کو ہونے کا قوی امکان موجود ہے۔