پاکستان میں سونے کی مقامی مارکیٹ گزشتہ دنوں کے اتار چڑھاؤ کے بعد شدید ہلچل کا شکار ہو گئی ہے۔ گزشتہ دو روز کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کا براہِ راست تعلق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ سے ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 کیرٹ فی تولہ سونے کے دام 14 ہزار 8 سو روپے بڑھ کر5لاکھ 29 ہزار 162 روپے ہو گئے ہیں، جبکہ دس گرام سونے کے بھاؤ 12 ہزار 689 روپے اضافے کے بعد 453 ہزار 671 روپے تک پہنچ گئے۔ اس طرح گزشتہ دو روز میں مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا مجموعی طور پر 38 ہزار 800 روپے مہنگا ہو گیا۔
چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جہاں آج فی تولہ چاندی 109 روپے بڑھ کر 9 ہزار 255 روپے ہو گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ فی اونس سونا ایک بار پھر 5 ہزار ڈالر کی سطح سے تجاوز کر گیا اور آج فی اونس 148 ڈالر اضافے کے بعد 5 ہزار 64 ڈالر کا ہو گیا۔ گزشتہ دو روز میں عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا مجموعی طور پر 388 ڈالر مہنگا ہو چکا ہے۔
ماہرین کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی کے براہِ راست اثرات کی وجہ سے ہوا ہے۔ گزشتہ تین دنوں کے دوران مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم عالمی منڈی میں حالیہ اتار چڑھاؤ نے مقامی قیمتوں کو دوبارہ بلند کر دیا ہے۔
تاجروں اور سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر سونے کی بڑھتی ہوئی قیمت اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی نے مقامی مارکیٹ میں صارفین کے لیے قیمتوں کو مزید بلند کر دیا ہے، جس سے زیورات کے کاروبار اور سرمایہ کاری کے رجحانات متاثر ہو سکتے ہیں۔