مکہ مکرمہ کے حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں واقع قرآن میوزیم میں رکھے گئے دنیا میں اپنی نوعیت کے سب سے بڑے قرآن کریم کے نسخے کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرلیا گیا۔
سعودی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ قرآن کریم 700 صفحات پرمشتمل ہے اس کا حجم (312 × 220) سینٹی میٹرہے۔ قرآن کے اس نسخے کو دسویں صدی ہجری کے قرآن کریم کے بڑے نسخے کے طور بنایا گیا ہے جس کا اصل حجم (45 × 30) سینٹی میٹر ہے۔
رپورٹس کے مطابق کلام پاک کی سورتوں کو خلط ثلث جبکہ سورۃ الفاتحہ کو خطِ النسخ میں لکھا گیا، یہ نسخہ عربی فنِ خطاطی، گلڈنگ اور بائنڈنگ کی ایک منفرد مثال ہے جس میں اسلامی طرز کی خصوصیات اور سجاوٹ نمایاں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شاہ سلمان نے قرآن مجید کے 12 نسخے تقسیم کرنے کی منظوری دے دی
رپورٹس کے مطابق اس کی قابل ذکر بات یہ ہے کہ قرآن کے قدیم نسخے کو سال ہجری 1300 بمطابق 1883 عیسوی میں وقف کیا گیا تھا جو اب تک شاہ عبدالعزیز کمپلیکس اوقاف لائبریری میں محفوظ ہے۔
واضح رہے کہ مکہ مکرمہ کے مشہور حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں واقع قرآن میوزیم میں محفوظ قدیم قرآنی نسخے تاریخِ اسلامی کا قیمتی ورثہ ہیں اور اپنی نوعیت میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ’قرآن میوزیم‘ میں نایاب مسودے اور قرآنِ پاک کی تاریخی نقول رکھی گئی ہیں اور ساتھ ساتھ دیکھنے کے لیے دیگر بصری مواد بھی موجود ہے ، یہاں آنے والے قرآنِ پاک کے مختلف نسخوں کے بارے میں مزید جان سکتے ہیں اور دیکھ سکتے ہیں کہ مختلف زمانوں میں ان نسخوں کو کتنی دقتِ نظری اور باریک بینی سے محفوظ کیا گیا ہے۔
حرا کلچرل ڈسٹرکٹ‘ 67000 مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے اور یہاں دنیا بھر سے ہر طبقۂ فکر کے لوگ آتے ہیں۔