گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ ملک میں جلد 10 روپے سے لے کر 5 ہزار روپے تک نئے ڈیزائن کی کرنسی استعمال ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کرنسی کے نئے نوٹوں کے ڈیزائن پر مرکزی بینک نے کام مکمل کر لیا ہے اور سفارشات وفاقی حکومت کو ارسال کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری اسٹیٹ بینک بورڈ دے چکا ہے، جس کے بعد معاملہ وفاقی کابینہ کو بھجوا دیا گیا ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق نئے نوٹوں میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں تاکہ جعلسازی کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
جمیل احمد نے مزید کہا کہ نئے ڈیزائن کی کرنسی سے متعلق حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ نے کرنا ہے، تاہم اس معاملے پر تاحال کوئی حتمی منظوری نہیں دی گئی اور وفاقی کابینہ میں نئے نوٹوں کا معاملہ زیر غور ہے۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی کے سوال پر گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ نئی ڈیزائن کی کرنسی قائمہ کمیٹی کو ان کیمرہ دکھائی جا سکتی ہے، جس کے لیے آئندہ اجلاس بلایا جائے گا۔