عوامی ایکشن کمیٹی کے 72 اہم لیڈرز و ممبران آزاد کشمیر پولیس کی حراست میں

عوامی ایکشن کمیٹی کے 72 اہم لیڈرز و ممبران  آزاد کشمیر پولیس کی حراست میں

آزاد جموں و کشمیر پولیس نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران امن و امان کو نقصان پہنچانے اور عوامی زندگی میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی (JAAC) سے وابستہ تقریباً 72 افراد کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق گرفتار افراد پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، اشتعال انگیز تقاریر کرنے، عوامی سڑکوں کی بندش، اور شہریوں کی معمول کی زندگی متاثر کرنے سمیت مختلف الزامات عائد کیے گئے ہیں اور یہ تمام کارروائیاں قانون کے مطابق عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران بعض افراد کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ انہوں نے احتجاجی سرگرمیوں کے دوران ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز پروپیگنڈا کیا اور عوامی نظم و نسق کو متاثر کرنے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق ایسے افراد کے خلاف شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

آئی جی پولیس آزاد کشمیر نے اپنے بیان میں کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی اور قانونی حق ہے تاہم کسی فرد یا گروہ کو قانون شکنی عوامی املاک کو نقصان پہنچانے، نفرت انگیزی پھیلانے یا شہریوں کی روزمرہ زندگی مفلوج کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:وزیرداخلہ محسن نقوی آج پھر ایران جائیں گے،اہم ملاقاتوں کا امکان

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا اشتعال انگیز مواد کی فوری اطلاع متعلقہ پولیس اسٹیشن یا ضلعی انتظامیہ کو دیں۔

آئی جی پولیس نے واضح کیا کہ ریاست میں امن و امان کے قیام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔

editor

Related Articles