ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا ، جہاں بھارتی اوپننگ بلے باز کو معدے کے انفیکشن کے باعث اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیم کے اوپننگ بلے باز ابھیشیک شرما کی نمیبیا کے خلاف ٹی20 ورلڈ کپ میچ میں ان کی شرکت غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو گئی ہے۔
وہ امریکا کے خلاف میچ سے قبل ہی طبیعت کی خرابی محسوس کر رہے تھے، تاہم ٹیم کے لیے میدان میں اترے تاہم میچ کے بعد ان کی حالت مزید خراب ہو گئی جس پر انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
اطلاعات کے مطابق ابھیشیک شرما کو تیز بخار تھا اور انہیں فوری طور پر ڈرپس لگائی گئیں ، وہ نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں منعقدہ پریکٹس سیشن میں بھی شریک نہیں ہوئے۔
بعد ازاں انہیں دہلی کے ایک نجی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں مختلف طبی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تاکہ انفیکشن کی نوعیت اور شدت کا درست اندازہ لگایا جا سکے، ٹیم انتظامیہ ان کی صحت کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
امریکا کے خلاف ٹی20 ورلڈ کپ میچ میں ابھیشیک شرما پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے تھے ، فیلڈنگ کے دوران بھی وہ میدان میں واپس نہیں آئے اور ان کی جگہ سنجو سیمسن نے ذمہ داریاں سنبھالیں ، اس کے ساتھ وہ میچ کے اختتام پر ہونے والی روایتی ہاتھ ملانے کی تقریب میں بھی شریک نہیں ہوئے، جس سے ان کی طبیعت کی خرابی واضح ہو رہی تھی۔
بھارتی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈوشیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابھیشیک کو پیٹ کے مسائل درپیش ہیں اور امید ہے کہ وہ دو دن میں بہتر محسوس کریں گے تاہم بی سی سی آئی کے ایک نمائنڈے کے مطابق نمیبیا کے خلاف میچ میں ان کی شرکت فی الحال مشکوک دکھائی دیتی ہے۔
دوسری جانب واشنگٹن سندر نے اسکواڈ کو جوائن کر لیا ہے، جبکہ جسپریت بمراہ دس روزہ وقفے کے بعد دوبارہ بولنگ کر رہے ہیں اور پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ ٹیم انتظامیہ پر امید ہے کہ اہم کھلاڑی جلد مکمل فٹنس حاصل کر کے ٹی20 ورلڈ کپ میں شامل ہوجائیںگے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم پاکستان کے خلاف 15 فروری کو میچ کھیلے گی۔