میانوالی دہشت گردی کی بڑی کاروائی سے بچ گیا ، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی میں 6 خطرناک دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق چاپڑی کے علاقے چاپڑی ڈیم کے قریب سی ٹی ڈی اوردہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 6 خطرناک دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے جبکہ8 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی ، دہشت گردوں سے ایک خودکش جیکٹ، 3 دستی بم ،6 ایس ایم جی، 200 گولیاں اور بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے ۔
ترجمان کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ سی ٹی ڈی ٹیموں نے چاپڑی کے علاقہ کی ناکہ بندی کرلی ، ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ دہشت گرد پولیس اور دیگر اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی مکمل کرچکے تھے۔