صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ملک بھر میں مال برداری کے کرایوں میں 3 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ قابلِ مذمت ہے اور اس کے اثرات ہر پاکستانی پر مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایندھن مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ سیکٹر کے اخراجات میں براہِ راست اضافہ ہوتا ہے، جس کے باعث کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو جاتا ہے، وفاقی اور پنجاب حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز شدید دباؤ کا شکار ہیں۔
ملک شہزاد نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ حکومتیں ٹرانسپورٹرز کو دیوار سے لگانا چاہتی ہیں، جبکہ مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات نہیں کئے جا رہے۔
صدر گڈزٹرانسپورٹ نے اس سے قبل کی گئی ملک گیر ہڑتال کے دوران وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ اور وفاقی وزیر مواصلات نے جو معاہدے کیے تھے، ان پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ٹرانسپورٹرز سے کئے گئے وعدوں پر فوری عملدرآمد نہ کیا گیا تو ایک بار پھر ملک گیر پرامن ہڑتال کی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر عائد ہوگی۔
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے وفاقی، پنجاب اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہڑتال کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر فوری عملدرآمد کیا جائے تاکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5روپے اضافہ کیا گیا ہے ،اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 258 روپے 17 پیسے فی لٹر ہوگئی۔