عمران خان کی آنکھ کی تکلیف کم ہو گئی، نئی رپورٹ میں انکشاف

عمران خان کی آنکھ کی تکلیف کم ہو گئی، نئی رپورٹ میں انکشاف

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف، سابق وزیراعظم عمران خان کی آنکھ کی تکلیف میں نمایاں کمی آ گئی ہے اور ڈاکٹروں نے آئندہ چند روز میں مزید بہتری کی امید ظاہر کی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق حالیہ طبی معائنے کے بعد تیار کی گئی میڈیکل رپورٹ متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی ہے، جب کہ رپورٹ اعلیٰ عدلیہ میں بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل، انتظار کے باوجود پی ٹی آئی کا کوئی رہنما نہ پہنچ سکا، عمران خان کا طبی معائنہ شروع

میڈیا رپورٹ کے مطابق 5 سینیئر ڈاکٹروں پر مشتمل خصوصی میڈیکل ٹیم نے آج اڈیالہ جیل پہنچ کر عمران خان کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ٹیم میں ماہرین امراض چشم شامل تھے جنہوں نے جدید طبی آلات کے ذریعے آنکھوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ ڈاکٹر فاروق، ڈاکٹر سکندر اور ڈاکٹر عارف بھی ٹیم کا حصہ تھے، جب کہ معاون عملے اور ٹیکنیشنز نے مختلف ٹیسٹ مکمل کرائے۔

میڈیکل ذرائع کے مطابق عمران خان کو چند روز سے آنکھ میں جلن، سوجن اور دھندلاہٹ کی شکایت تھی تاہم ابتدائی علاج اور ادویات کے استعمال سے تکلیف میں واضح کمی آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں نے آنکھوں کے دباؤ، بینائی کی سطح اور قرنیہ کی کیفیت کا تفصیلی معائنہ کیا اور آئندہ چند دن تک احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ رپورٹ میں تجویز کیا گیا ہے کہ روشنی سے بچاؤ، باقاعدہ ادویات کا استعمال اور وقفے وقفے سے فالو اپ معائنہ ضروری ہوگا۔

مزید پڑھیں:عمران خان کی صحت سےمتعلق رپورٹ حکومت کو ارسال، کیا اسپتال منتقل کیا جائیگا؟ میڈیکل ٹیم معائنے کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ گئی

میڈیا ذرائع کے مطابق میڈیکل ٹیم تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جیل میں موجود رہی۔ بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت کو بھی معائنے کے موقع پر موجود ہونے کی اطلاع دی گئی تھی تاہم کوئی رہنما جیل نہ پہنچ سکا، جس کے بعد ڈاکٹروں نے سرکاری پروٹوکول کے تحت معائنہ مکمل کیا۔ اس دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور جیل کے اطراف میں اضافی نفری تعینات رہی۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 16 فروری سے قبل بانی پی ٹی آئی کے مکمل طبی معائنے کی رپورٹ طلب کر رکھی تھی، جس کے پیش نظر یہ خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا۔ قانونی ماہرین کے مطابق رپورٹ عدالت میں پیش ہونے کے بعد آئندہ سماعت میں طبی بنیادوں پر کسی ممکنہ ریلیف یا مزید ہدایات کا امکان زیر غور آ سکتا ہے۔

سیاسی حلقوں میں بھی عمران خان کی صحت سے متعلق پیش رفت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، جب کہ پارٹی کارکنان سوشل میڈیا پر صحت یابی کے لیے دعاؤں اور حمایت کے پیغامات شیئر کر رہے ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *