صوبہ پنجاب کی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری اور معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے رمضان بازاروں میں فروخت ہونے والے اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔
پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے سلمیٰ بٹ نے تفصیلات بتائیں ہیں کہ آٹا کی قیمت میں نمایاں کمی کی گئی ہے، 10 کلو کے تھیلے کی سرکاری قیمت 905 روپے ہے تاہم رمضان بازار سے یہ تھیلا صرف 850 روپے میں دستیاب ہوگا۔ چینی کی قیمت 160 روپے فی کلو ہے جو رمضان سہولت بازار میں 140 روپے فی کلو ملے گی۔ اے کٹیگری کے گھی میں فی کلو 16 روپے کمی جبکہ بی اور سی کٹیگری کے گھی میں 10 روپے کمی کی گئی ہے۔
مرغی کا گوشت 15 روپے فی کلو کمی کے ساتھ دستیاب ہوگا اور انڈے کی قیمت بھی 10 روپے فی درجن کم کر دی گئی ہے۔ سبزی، پھل اور دالیں 7 سے 10 فیصد کم ریٹ پر پورے مہینے دستیاب رہیں گی، جس سے رمضان کے دوران عوام کو مہنگائی کا سامنا کم سے کم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وعدے کے مطابق مستحق افراد کو ان کا حق دہلیز پر فراہم کیا جا رہا ہے، نگہبان رمضان پیکج کے تحت 40 لاکھ سے زیادہ خاندانوں کو فی خاندان 10 ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں اور نگہبان رمضان کارڈز گھروں تک پہنچائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا ہے کہ 10 مارچ تک تمام مستحق خاندانوں کو کارڈز کی ترسیل مکمل کر دی جائے گی جبکہ کارڈ پر نہ کوئی چارجز ہیں اور نہ ہی کسی قسم کا پن کوڈ رکھا گیا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ہر تحصیل میں ’مریم کے مہمان دسترخوان‘ کے تحت روزانہ 2 ہزار افراد کو افطاری کرائی جائے گی اور مخیر حضرات کو حکومت کی جانب سے مکمل معاونت فراہم کی جائے گی، اگر کوئی مستحق خاندان رہ جائے تو وہ ہیلپ لائن نمبر 1000 پر رابطہ کر سکتا ہے، پنجاب حکومت قوانین پر عملدرآمد کرانا جانتی ہے اور رمضان میں گراں فروشی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ سہولت بازاروں میں عوام کے لیے 5 کلومیٹر کے دائرے میں گھر پر ڈیلیوری کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ قیمتوں کی نگرانی کے لیے کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں، جہاں سے سہولت بازاروں کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ قیمتوں سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی آفس بھی بنایا گیا ہے تاکہ شہری کسی بھی مسئلے کی صورت میں فوری ریلیف حاصل کر سکیں۔ 10 کلو آٹے کے لیے پورے صوبے میں 10 ہزار شاپس کے علاوہ 550 اضافی سیل پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جہاں سے یہ آٹا دستیاب ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ نوٹیفائی ریٹ کے تحت 10 کلو آٹے کے روزانہ 15 لاکھ تھیلے مارکیٹ میں فروخت کیے جائیں گے، جس سے یقینی بنایا جائے گا کہ ہر شہری کو آسانی سے آٹا اور دیگر ضروری اشیا دستیاب ہوں۔ پورے صوبے میں رمضان بازار کا ایک مربوط نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے تاکہ قیمتوں میں استحکام برقرار رہے اور عوام کو ریلیف مہیا ہو۔