وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے لیے نیا طیارہ خرید لیے جانے کی خبر سامنے آئی ہے، جس کے مطابق گلف اسٹریم G500 طیارے کی قیمت تقریباً 10 ارب روپے بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق طیارے کا رجسٹریشن نمبر N144S ہے اور یہ اس وقت امریکی رجسٹریشن پر ہے، جبکہ پاکستان میں ابھی تک اس کی رجسٹریشن مکمل نہیں ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ اس طیارے کا پاکستان میں پرواز کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے “پنجاب ایئر لائن” کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا ہے، جس کی پہلی پرواز اپریل سے شروع کرنے کی تیاری ہے۔ ابتدائی مرحلے میں 7 طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ایئر پنجاب کے لیے ایک مکمل فلیٹ تشکیل دیا جا رہا ہے جس میں مختلف اقسام کے جہاز شامل ہوں گے۔ کچھ طیارے خریدے جائیں گے جبکہ کچھ لیز پر لیے جائیں گے، اور زیرِ بحث طیارہ بھی اسی منصوبے کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاملات حتمی شکل اختیار کرتے ہی مکمل تفصیلات جاری کر دی جائیں گی۔
طیارے کی خریداری پر سوشل میڈیا پر تنقید بھی سامنے آئی ہے، جہاں صارفین کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں عوامی وسائل کو عوامی فلاح پر خرچ کیا جانا چاہیے۔ ناقدین کا مؤقف ہے کہ قومی خزانے سے لگژری طیارہ خریدنا مناسب نہیں۔
عظمیٰ بخاری نے تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بعض افراد ادھوری معلومات کے ساتھ بیانات دے رہے ہیں، اور حکومت جلد تمام حقائق عوام کے سامنے رکھے گی۔ یہ معاملہ سیاسی حلقوں میں زیر بحث ہے اور آئندہ دنوں میں اس حوالے سے مزید وضاحت سامنے آنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ائیرفورس کے خصوصی طیارے میں جنیوا روانہ

