چترال کے پاک افغان سرحدی قصبے ارندو میں عوام نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
بدھ کی سہ پہر نکالی گئی ریلی میں شہریوں نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے اور فضا پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد اور چترال اسکاوٹس زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی ہے۔
ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مقامی عمائدین اور قبائلی مشران نے کہا کہ سرحدی علاقوں کا امن ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور کسی بھی بیرونی جارحیت یا اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے افغان حکام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سرحدی حدود میں حملے یا دراندازی کی کوئی بھی کوشش سنگین نتائج کی حامل ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسی کوئی بزدلانہ حرکت کی گئی تو ارندو کے عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے اور گزشتہ برس اکتوبر میں دیے گئے جواب سے بھی زیادہ سخت ردعمل دیا جائے گا۔
مقررین نے کہا کہ سرحدی پٹی کے عوام نے ہمیشہ ملکی دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور وہ اپنی افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتے ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں مگر عوام اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
ریلی کے دوران شرکا نے پاک فوج، چترال سکاوٹس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کیلئے مشعل راہ ہیں اور ان کی بدولت ملک میں امن قائم ہے۔
واضح رہے کہ ارندو میں واقع پاک افغان بین الاقوامی سرحد پر گزشتہ سال اکتوبر میں جھڑپوں کے دوران افغان فورسز کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا جس کے بعد سرحدی صورتحال کشیدہ ہو گئی تھی۔ مقامی ذرائع کے مطابق اس واقعے کے بعد سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی تھی اور نگرانی کے نظام کو مؤثر بنایا گیا تھا۔
سرحدی علاقوں میں عوامی سطح پر اس نوعیت کی ریلیاں نہ صرف قومی یکجہتی کا اظہار ہیں بلکہ یہ پیغام بھی دیتی ہیں کہ سرحدی آبادی ملکی دفاع میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ ارندو کی حالیہ ریلی کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے جہاں عوام نے واضح کیا کہ وہ ملکی سلامتی کے معاملے پر متحد ہیں۔