مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ تین سے چار مرتبہ ڈیل کی کوشش ہوئی مگر وہ حتمی شکل اختیار نہ کر سکی۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ یہ ڈیلز کبھی عالمی قوتوں کے دباؤ پر اور کبھی اندرونی حالات کے باعث زیر غور آئیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض سابق کرکٹرز کی جانب سے بھی خطوط لکھے جا رہے ہیں اور وہ پہلے دن سے کہتے آ رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی کی جانب سے ٹاسک فورس بنانے کا اعلان کیا جا رہا ہے، جبکہ مسلح جتھوں کی تشکیل جماعت اور ریاست دونوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اگر بانی تحریک انصاف ڈیل کرنا چاہیں تو دو منٹ کی بات ہے، تاہم ان کے مطابق وہ کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ہر سیاسی جماعت میں اختلاف رائے موجود ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اور علیمہ خان کے درمیان کیا گفتگو ہوئی، اس کا انہیں علم نہیں، البتہ علی امین گنڈا پور کو یہ معاملہ پہلے اٹھانا چاہیے تھا۔ سیاسی حلقوں میں ان بیانات کو موجودہ سیاسی تناؤ کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کے علاج میں رکاوٹ کون؟ علیمہ خان نے خود بتا دیا

