مہنگائی کا نیا جھٹکا، مرغی اور انڈے کی قیمتوں کی اونچی اڑان جاری، شہری سر پکڑ کر بیٹھ گئے

مہنگائی کا نیا جھٹکا، مرغی اور انڈے کی  قیمتوں کی اونچی اڑان جاری، شہری سر پکڑ کر بیٹھ گئے

مہنگائی کے ستائے عوام کو ایک اور بڑا جھٹکا لگ گیا سستا پروٹین سمجھے جانے والے برائلر گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں جبکہ انتظامیہ کی طرف سے سرکاری نرخ نامہ پر مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے 

اوپن مارکیٹ میں سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مرغی فروشوں نے مرغی کے گوشت اور انڈوں کی فروخت مہنگے داموں جاری کر رکھی ہے سرکاری ریٹ سے کہیں زیادہ قیمت پر مرغی اور انڈے فروخت کیے جارہے ہیں جس پر شہری سر پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔

سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 490 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے تاہم مختلف مارکیٹوں اور دکانوں پر یہی گوشت 550 سے 600 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ صرف کاغذوں تک محدود رہ گئے ہیں جبکہ مارکیٹ میں من مانے ریٹ وصول کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:عوام کیلئے بری خبر، آٹا، گھی، چینی سمیت اشیاء خورونوش مہنگی ، مہنگائی کا نیا طوفان

اسی طرح فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 230 روپے فی درجن مقرر ہے لیکن اوپن مارکیٹ میں انڈے 280 سے 320 روپے فی درجن تک فروخت ہو رہے ہیں۔ خریداروں کے مطابق روزمرہ استعمال کی بنیادی غذائی اشیاء بھی اب عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔

شہریوں نے شکایت کی کہ آٹا، گھی، سبزیوں اور دیگر اشیائے خورونوش کے بعد اب مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافے نے گھریلو بجٹ مکمل طور پر متاثر کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے گھر کا خرچ چلانا دن بہ دن مشکل بنتا جا رہا ہے۔

عوامی حلقوں نے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور ذخیرہ اندوزی و منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

editor

Related Articles