ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، نیوزی لینڈ کیخلاف قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، نیوزی لینڈ کیخلاف قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے کا آج سے باقاعدہ آغاز ہورہا ہے، جہاں سیمی فائنل تک رسائی کی دوڑ میں آٹھ ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔

کرکٹ شائقین کی نظریں پہلے ہی بڑے مقابلوں پر مرکوز ہیں، اور ہر ٹیم اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے پرعزم دکھائی دیتی ہے۔

سپر ایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں مدِمقابل ہوں گی ، یہ میچ مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا،  اس اہم مقابلے کے لیے شائقین کرکٹ کو ایک کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔

قومی ٹیم میں ممکنہ تبدیلیاں

اہم میچ کے لیے قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، ذرائع کے مطابق اوپنر فخر زمان اور لیگ اسپنر ابرار احمد کی پلیئنگ الیون میں واپسی متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شاداب خان کے سابق کرکٹرز پر بیانات ، شاہد آفریدی کا مؤقف سامنے آگیا

اس سے ٹیم کمبینیشن میں توازن پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی، ان ممکنہ تبدیلیوں سے بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں مضبوطی آنے کی امید ہے۔

گروپ مرحلے میں کارکردگی

گروپ مرحلے میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی پر بات کریں تو پاکستان نے گروپ اے میں تین میچز جیت کر دوسری پوزیشن پر ہے جبکہ نیوزی لینڈ نے گروپ ڈی میں تین کامیابیاں سمیٹتے ہوئے دوسری پوزیشن پر جگہ بنالی ہے،  دونوں ٹیموں کی کارکردگی نے سپر ایٹ مرحلے میں مقابلے کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔

گزشتہ مقابلوں کا ریکارڈ

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان حالیہ برسوں میں سخت مقابلے دیکھنے میں آئے ہیں ، جنوری 2022 سے اب تک دونوں ٹیمیں ٹی 20 انٹرنیشنلز میں 24 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں، جن میں نیوزی لینڈ نے 13 جبکہ پاکستان نے 9 میچوں میں کامیابی حاصل کی۔

تاہم ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل میں سڈنی میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی، جو گرین شرٹس کے لیے ایک اہم اور یادگار فتح ثابت ہوئی تھی، اسی تاریخی کامیابی کی یاد تازہ کرتے ہوئے شائقین ایک بار پھر سنسنی خیز مقابلے کے منتظر ہیں۔

دونوں ٹیموں کی فارم، ممکنہ ٹیم کمبینیشن اور ماضی کے دلچسپ مقابلوں کو دیکھتے ہوئے ماہرین اور شائقین اس میچ کو سپر ایٹ مرحلے کا اہم ترین ٹاکرا قرار دے رہے ہیں۔

موسم کی صورتحال

دوسری جانب سری لنکا میں جاری دیگر مقابلوں کی طرح اس میچ پر بھی بارش کا شدید خطرہ منڈلا رہا ہے،  کولمبو میں بارش کا 74 فیصد امکان ہے، جہاں مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے کے قریب بارش کا قوی امکان ہے اور ابتدائی اوورز متاثر ہو سکتے ہیں جب کہ خراب موسم کی صورت میں میچ کے آغاز میں تاخیر بھی ہو سکتی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *