ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے کے گروپ 2 میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا میچ مسلسل بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم اور اس کے اطراف میں بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ مسلسل بارش کے باعث امپائرز نے میچ کی منسوخی کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ میچ کا آخری کٹ آف ٹائم 9 بج کر 46 منٹ مقرر تھا۔ پانچ اوورز فی اننگز کا میچ ممکن بنانے کے لیے 9 بج کر 46 منٹ تک میچ کا آغاز لازمی تھا، تاہم مقررہ وقت سے پہلے ہی میچ منسوخ کر دیا گیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے اس پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، تاہم ٹاس کے فوراً بعد بارش شروع ہو گئی جو مسلسل جاری رہی۔
پاکستان ٹیم میں خواجہ نافع کی جگہ فخر زمان کو شامل کیا گیا تھا۔ قومی ٹیم کپتان سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، فخر زمان، شاداب خان، عثمان خان، محمد نواز، فہیم اشرف، سلمان مرزا اور عثمان طارق پر مشتمل تھی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کپتان مچل سینٹنر، ٹم سیفرٹ، فن ایلن، راچن رویندرا، گلین فلپس، مارک چیپمین، ڈیرل مچل، جمی نیشم، میٹ ہینری، اش سوڈھی اور لوکی فرگوسن پر مشتمل تھی۔