پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں نمیبیا کے خلاف اہم میچ میں بابر اعظم کو بیٹنگ کے لیے نہ بھیجنے کی وجہ واضح کر دی۔
میڈیا بریفنگ کے دوران ہیسن نے انکشاف کیا کہ پاور پلے میں بابر اعظم کا اسٹرائیک ریٹ 100 سے کم ہونا اس فیصلے کی بنیادی وجہ تھا۔ ان کے مطابق ٹیم کو ابتدائی اوورز اور اختتامی مراحل میں تیز رفتار بیٹنگ درکار ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق بابر اعظم نے ٹورنامنٹ میں اب تک تین اننگز میں 115.78 کے اسٹرائیک ریٹ سے 66 رنز بنائے، جبکہ بھارت کے خلاف میچ میں وہ سات گیندوں پر صرف 5 رنز بنا سکے تھے۔ تنقید کے باوجود وہ نمیبیا کے خلاف اسکواڈ کا حصہ رہے، تاہم انہیں بیٹنگ کا موقع نہیں دیا گیا۔
نمیبیا کے خلاف میچ میں جب پاکستان 12.1 اوورز میں 107 رنز بنا چکا تھا اور صاحبزادہ فرحان کریز پر موجود تھے تو ٹیم مینجمنٹ نے بابر کے بجائے خواجہ نافع اور شاداب خان کو بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ اس فیصلے نے شائقین کو حیران کر دیا اور بابر کی پوزیشن پر سوالات اٹھنے لگے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان اور نیوزی لینڈ آج میدان میں اتریں گے
مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر ٹیم کے پاس ایسے کھلاڑی موجود تھے جو آخری اوورز میں زیادہ مؤثر انداز میں تیز رنز بنا سکتے تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بابر کو ایشیا کپ 2025 کے بعد مڈل اوورز میں اننگز کو سنبھالنے کے مخصوص کردار کے لیے ٹیم میں رکھا گیا تھا۔

