لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے ایسے صارفین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے جو اپنے منظور شدہ لوڈ سے زیادہ بجلی استعمال کر رہے ہیں،بالخصوص سنگل فیز میٹر استعمال کرنے والے صارفین۔
لیسکو کے مطابق سنگل فیز میٹرز کی ایم ڈی آئی (Maximum Demand Indicator) ریڈنگ کا مکمل ریکارڈ مرتب کر لیا گیا ہے اور اب ان ریڈنگز کی بنیاد پر نگرانی کا نظام مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی زیادہ ڈیمانڈ انڈیکیٹر ریڈنگ کو صارفین کے بجلی بلوں میں بھی ظاہر کیا جا رہا ہے تاکہ بجلی کے استعمال کی مکمل شفافیت اور نگرانی ممکن بنائی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق ایم ڈی آئی ریڈنگ کے ذریعے ان صارفین کی نشاندہی کی گئی ہے جو اپنے کنکشن کے معاہدے کے مطابق منظور شدہ لوڈ کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، ایسے صارفین کے خلاف ابتدائی مرحلے میں ایکسٹینشن آف لوڈ کے نوٹسز جاری کیے جائیں گے تاکہ انہیں اپنے استعمال کو مقررہ حد کے اندر لانے کا موقع دیا جا سکے۔
لیسکو کی پالیسی کے مطابق جن صارفین کا لوڈ 3 کلوواٹ سے زیادہ پایا گیا ہے، انہیں سنگل فیز کے بجائے تھری فیز میٹر میں منتقل ہونے کے لیے ڈیمانڈ نوٹس جاری کیے جائیں گے۔
مزید براں آئندہ صرف وہی صارفین سنگل فیز میٹر استعمال کر سکیں گے جن کا لوڈ 3 کلوواٹ تک محدود ہو گا۔
پالیسی میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ تھری فیز میٹر پر منتقلی کے بعد پروٹیکٹڈ کیٹیگری کی سہولت ختم ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں صارفین کے فکسڈ چارجز میں اضافہ ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔
لیسکو کے مطابق اس اقدام کا مقصد بجلی کے نظام کو زیادہ مؤثر بنانا، اوورلوڈنگ کو روکنا اور ترسیلی نظام پر دباؤ کم کرنا ہے۔