راولا کو ٹ واقعہ کسی پرامن سیاسی احتجاج کا تسلسل نہیں بلکہ ایک منظم مسلح دہشتگردانہ کارروائی ہے، آئی جی آزد کشمیر

راولا کو ٹ واقعہ کسی پرامن سیاسی احتجاج کا تسلسل نہیں بلکہ ایک منظم مسلح دہشتگردانہ کارروائی ہے، آئی جی آزد کشمیر

آئی جی آزاد کشمیر  نے کہا ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح شرپسند عناصر کی فائرنگ سے 04 قانون نافذ کرنے والے اہلکار شہید، 20 سے زائد پولیس اور سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ۔

انسپکٹر جنرل پولیس آزاد جموں و کشمیر نے راولاکوٹ میں کالعدم ایکشن کمیٹی سے وابستہ مسلح شرپسند عناصر کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے افسران اور اہلکاروں پر پیشگی منصوبہ بندی کے تحت فائرنگ، امن و امان کو سبوتاژ کرنے اور ڈی آئی جی راولاکوٹ پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج راولاکوٹ میں کالعدم ایکشن کمیٹی سے تعلق رکھنے والے شرپسند عناصر نے احتجاج کے نام پر جمع ہوکر ڈیوٹی پر موجود قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو منصوبہ بندی کے تحت براہ راست نشانہ بنایا۔

فائرنگ کے نتیجے میں اب تک 04 قانون نافذ کرنے والے اہلکار جام شہادت نوش کر چکے ہیں، جبکہ 20 سے زائد پولیس اور سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہےشہید و زخمی اہلکاروں کے زخم فائر آرم اور گن شاٹ نوعیت کے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :سی ایم ایچ راولاکوٹ پر عوامی ایکشن کمیٹی کا حملہ،تین پولیس اہلکار،ایک فرنٹیئر کانسٹیبلری اہلکار شہید،متعددجوان زخمی

آئی جی پولیس آزاد جموں و کشمیر نے کہا ہے کہ یہ واقعہ کسی پر امن سیاسی احتجاج کا تسلسل نہیں، بلکہ ایک منظم، مسلح اور دہشت گردانہ کارروائی ہے جس میں ریاست، عوامی امن، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایک طبی مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔

سی ایم ایچ راولاکوٹ پر حملہ نہ صرف قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ مریضوں، طبی عملے، زخمی اہلکاروں اور عام شہریوں کی سلامتی کو براہ راست خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر براہ راست فائرنگ، شہادتیں، گن شاٹ زخمی، اور بعد ازاں سی ایم ایچ راولاکوٹ پر حملہ واضح دہشت گردی ہےاس حملے کا قانونی نتیجہ ناگزیر، شواہد پر مبنی اور آئین و قانون کے عین مطابق اور یقینی ہوگا۔

کسی مسلح جتھے کو آزاد کشمیر کے امن، شہریوں کی سلامتی اور ریاستی نظم کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔آزاد جموں و کشمیر پولیس شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کی شہادت کو آزاد کشمیر کے امن، شہریوں کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لیے عظیم قربانی گردانتی ہے۔

پولیس شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور زخمی اہلکاروں کے علاج معالجے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔آزاد کشمیر پولیس اور انتظامیہ واضح کرتی ہے کہ ریاستی رٹ، عوامی امن اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ اور قانون اپنا راستہ لے گا۔

editor

Related Articles