پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار وسیم عباس نے ایک بار پھر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا ہےاس بار انہوں نے ماضی کے ایک متنازع بیان پر بات کرتے ہوئے اہم انکشاف کیا۔وسیم عباس حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ ’ایکسکیوز می‘ میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے سینئر اداکار فردوس جمال کے ایک بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
گفتگو کے دوران وسیم عباس کا کہنا تھا کہ فردوس جمال کے بیان نے ان کے اپنے بیٹے کے کیریئر کو نقصان پہنچایا۔ ان کے مطابق ان کا بیٹا ایک باصلاحیت اداکار تھا جو مستقبل میں بڑا اسٹار بن سکتا تھا لیکن اس تنازع نے اس کے لیے مشکلات پیدا کر دیں۔
وسیم عباس نے مزید کہا کہ جس پروگرام میں یہ معاملہ زیر بحث آیا وہاں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ سوشل میڈیا پر تنقید ہوئی خواتین نے بھی آواز اٹھائی اور فردوس جمال کو بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکا ر نے اندازہ ظاہر کیا کہ ممکن ہے یہ بات پہلے آف کیمرہ ہوئی ہو اور پھر چیلنج کیے جانے پر آن ایئر دہرائی گئی ہو جو ایک غلط فیصلہ تھا۔ ان کے مطابق ایسے بیانات قابل مذمت ہوتے ہیں۔
اداکار نے ماہرہ خان کے حوالے سے کہا کہ وہ ایک بڑی اسٹار ہیں اور پاکستان میں ویسے ہی اسٹارز کی تعداد کم ہے اس لیے کامیاب فنکاروں کے خلاف اس طرح بات کرنا مناسب نہیں۔
یاد رہے کہ 2019 میں فیصل قریشی کے شو میں ماہرہ خان کی فلموں پر تنقید کے بعد فردوس جمال نے بھی انہیں اوسط درجے کی اداکارہ قرار دیا تھا، جس پر کافی تنازع کھڑا ہوا تھا۔