اسٹیٹ بینک کا سوہنی دھرتی ترسیلاتِ زر اسکیم کو باضابطہ طور پر ختم کرنے کا فیصلہ

اسٹیٹ بینک کا سوہنی دھرتی ترسیلاتِ زر اسکیم کو باضابطہ طور پر ختم کرنے کا فیصلہ

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تقریباً ساڑھے چار برس سے جاری سوہنی دھرتی ترسیلاتِ زر اسکیم کو باضابطہ طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس سلسلے میں مرکزی بینک کی جانب سے ملک بھر کے تمام بینکوں اور زرِ مبادلہ کمپنیوں کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

اسکیم کے خاتمے کے فیصلے پر زرِ مبادلہ کمپنیوں کی تنظیم کے چیئرمین ملک بوستان نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ اقدام عالمی مالیاتی ادارے کے دباؤ کے باعث کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اسکیم کو ختم نہیں ہونا چاہیے تھا کیونکہ اس سے سمندر پار پاکستانیوں کو قانونی ذرائع سے وطن رقم بھیجنے کی بھرپور ترغیب ملتی تھی۔

ملک بوستان کے مطابق اس اسکیم کے تحت بیرونِ ملک مقیم پاکستانی جب بینکوں یا رجسٹرڈ زرِ مبادلہ کمپنیوں کے ذریعے پاکستان رقم بھیجتے تھے تو انہیں انعامی پوائنٹس دیے جاتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں :اسپین میں مقیم تارکین وطن کیلئے بڑی خوشخبری

بعد ازاں یہ پوائنٹس مختلف سرکاری خدمات، فیسوں اور دیگر سہولتوں میں استعمال کیے جا سکتے تھے، جس سے سمندر پار پاکستانیوں کو براہِ راست مالی فائدہ حاصل ہوتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس سہولت نے نہ صرف بیرونِ ملک پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی کی بلکہ غیر قانونی ذرائع کے بجائے قانونی بینکاری نظام کے ذریعے ترسیلاتِ زر بھیجنے کے رجحان میں بھی اضافہ کیا، اسکیم کے خاتمے سے قانونی ذرائع سے رقوم بھیجنے کی حوصلہ افزائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ سوہنی دھرتی ترسیلاتِ زر اسکیم کا مقصد قانونی ذرائع سے پاکستان بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر میں اضافہ کرنا اور سمندر پار پاکستانیوں کو مختلف مراعات فراہم کرنا تھا، تاہم اب اسٹیٹ بینک کے فیصلے کے بعد یہ سہولت باضابطہ طور پر ختم کر دی گئی ہے۔

editor

Related Articles