آسٹریلیا نے 15 بھارتی شہریوں کو مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے باعث ملک بدر کر دیا ہے، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ یہ افراد آسٹریلوی قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث پائے گئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا سے نکالے جانے والے بھرتی شہریوں میں سے 11 افراد بھارتی پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ باقی افراد تلنگانہ، ہریانہ اور اتراکھنڈ کے ہیں۔
بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگوانت مان آسٹریلیا سے 15 بھارتی شہریوں کی ملک بدری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس گروپ میں سے بیشتر افراد بھارتی پنجاب سے ہیں۔
بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگوانت مان نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ان کی واپسی کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں اور ضروری معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک بدری ایک تکلیف دہ تجربہ ہے اور ہمارا فوکس ان افراد کی واپسی میں ان کی مدد فراہم کرنا ہے، ساتھ ہی یہ سمجھنا بھی ہے کہ ان کے بیرون ملک جانے کے پیچھے کیا وجوہات تھیں۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ وہ ان افراد سے تفصیل سے بات کریں گے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ان کے دستاویزات کس نے تیار کیے اور ان کے بیرون ملک جانے میں کس نے سہولت فراہم کی۔