ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جنگ میں تباہ شدہ علاقوں کو پہلے سے بھی بہتر انداز میں تعمیر کیا جائے گا اور عوام کی ضروریات کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر پزشکیان نے کہا کہ گزشتہ 15 روز سے جاری اسرائیل اور امریکا کے حملوں کے باوجود ایران کے بیشتر حصوں میں زندگی کے معمولات برقرار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن علاقوں میں جنگ کے باعث شدید تباہی ہوئی ہے، انہیں پہلے سے زیادہ بہتر معیار کے ساتھ دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ مشکلات اور دباؤ کے باوجود حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہے اور عوام کے تعاون سے موجودہ صورتحال پر قابو پا لیا جائے گا۔
انہوں نے ایرانی قوم کی پائیداری اور تاریخی ہمت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام نے ماضی میں بھی مشکل حالات کا سامنا کیا ہے اور اس بار بھی ملک ان چیلنجز سے کامیابی سے نکل آئے گا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو کھلا اور محفوظ رکھنے کے لیے امریکا کے ساتھ کئی ممالک جنگی بحری جہاز بھیجنے کے لیے آمادہ ہیں۔ اپنے سوشل میڈیا بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ چین، فرانس، جاپان، جنوبی کوریا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک بھی اس اہم سمندری گزرگاہ کی حفاظت کے لیے اپنے بحری جہاز تعینات کریں گے۔