محکمہ موسمیات نے عید الاضحیٰ کے دوران ملک بھر میں موسم کی پیش گوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ سسٹم کے تحت بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آئندہ دو روز تک بارش کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک کے مطابق لاہور میں اگلے دو روز تک موسم بہتر رہے گا، تاہم اس کے بعد گرمی دوبارہ شروع ہو جائے گی۔ بالائی اور شمال مشرقی پنجاب کے علاقوں میں بھی آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بارش متوقع ہے۔
کراچی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ مئی کے آغاز جیسی گرمی فی الحال موجود نہیں ہے مگر درجہ حرارت زیادہ رہے گا اور موسم آئندہ دو روز تک بہتر رہے گا۔
عید کے حوالے سے ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے کہا کہ بارش کے موجودہ سلسلے کے بعد گرمی میں بتدریج اضافہ ہوگا اور عید سے قبل بارش برسانے کا ایک اور سلسلہ آنے کا امکان ہے۔ تاہم اس بارے میں ابھی حتمی پیشگوئی نہیں کی جا سکتی۔
عرفان ورک نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ بارش کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گا، اور عید کے دنوں میں گرمی کے مزید بڑھنے کا امکان ہے۔