سکیورٹی فورسز کی افغان سرحد اور باجوڑ میں کاروائیاں ،خوارجی کمانڈر سمیت 29 دہشتگرد ہلاک، متعددٹھکانے تباہ

سکیورٹی فورسز کی افغان سرحد اور باجوڑ میں کاروائیاں ،خوارجی کمانڈر  سمیت 29 دہشتگرد ہلاک، متعددٹھکانے تباہ

 پاک افغان سرحد اور دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں میں مجموعی طور پر 29 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا ۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان اور پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ کراچی میں معصوم شہریوں کے خلاف حالیہ متعدد دہشت گرد حملوں کے بعد پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے ساتھ ایک منظم انٹیلی جنس بنیادوں پر زمینی آپریشن کیا جس کے بعد سرحدی علاقے میں جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ 28 جون 2026 کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب دہشت گردوں کے ایک گروہ کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر زمینی آپریشن کیا جس میں   بھارتی پراکسی جماعت الاحرار سے تعلق رکھنے والا ہائی ویلیو خوارجی کمانڈر خان فروش عرف زبال سمیت 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے۔

  آپریشن “غضب للحق” کے تسلسل میں مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر 28 اور 29 جون کی درمیانی شب پاکستان اور افغانستان کی سرحدی پٹی میں جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد کیمپوں اور ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔  پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں موجود تین اہداف کو تباہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 25 دہشت گرد ہلاک ہوئے  جبکہ ان مراکز اور ٹھکانوں میں موجود بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں : ‏شمالی وزیرستان:سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 22 دہشتگرد ہلاک، 9 لاشیں برآمد، بارودی مواد ناکارہ بنا دیا گیا، متعدد ٹھکانے مسمار

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے کوششیں کی ہیں تاہم اپنے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور کردہ وژن “عزمِ استحکام” کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کا ملک سے مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

editor

Related Articles