طالبان کا باجوڑ میں سول آبادی پر حملہ ، مارٹر گولہ گھر پر گرنے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق

طالبان کا باجوڑ میں سول آبادی پر حملہ ، مارٹر گولہ گھر پر گرنے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق

ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے پاک افغان سرحدی علاقے تبستا لیتائی میں 15 مارچ 2026 کو سرحد پار سے کی گئی گولہ باری کے نتیجے میں چار افراد شہید ہو گئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق گولہ باری افغانستان کی جانب سے کی گئی، جس دوران ایک مارٹر گولہ رہائشی مکان پر آ کر گرا، جس سے گھر میں موجود چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد آپس میں سگے بھائی تھے جن کی شناخت ساجد، ایاز، ریاض اور معاذ کے ناموں سے ہوئی ہے۔

واقعے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا جسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے فائر کیے گئے مارٹر گولے سالارزئی کے سرحدی علاقے تبستا لیتائی اور اس کے گرد و نواح میں گرے، جس کے باعث مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کا ایران کے نئے سپریم لیڈر کے مرنے سے متعلق بڑا دعوی

ذرائع کے مطابق حالیہ کشیدگی کے بعد افغان طالبان کی جانب سے سول آبادی کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ اس واقعے پر باجوڑ کے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

دوسری جانب پاک فوج کے مقامی کمانڈر نے متاثرہ خاندان کے گھر جا کر شہداء کے لواحقین سے تعزیت کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج سرحدی خلاف ورزیوں اور شہری آبادی پر حملوں کا بھرپور اور مؤثر جواب دے رہی ہیں، اور ملکی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *